پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بغیر سم کارڈ سٹامپ پیپر حاصل کرنے کا آسان طریقہ متعارف کروا دیا۔
حکومت پنجاب نے سٹامپ پیپر حاصل کرنے کیلئے رجسٹرڈ سم کارڈ ہونا لازمی قرار دیا تھا تاکہ او ٹی پی موصول ہو سکے لیکن اس سے اوورسیز پاکستانی کافی پریشان رہے جن کے پاس سم کارڈ نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب رجسٹرڈ سم کارڈ کی شرط ختم کر دی گئی ہے اور اوورسیز پاکستانی سٹامپ پیپر کیلئے او ٹی پی بذریعہ ای میل وصول کر سکیں گے۔
نئی پالیسی کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اب مقامی رجسٹرڈ سم کارڈ کی ضرورت نہیں رہے گی، سٹامپ پیپر اور پاورز آف اٹارنی وغیرہ کیلئے او ٹی پی ای میل پر ملے گا، سہولت سے دنیا کے کسی بھی کونے سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
ترجمان پی ایل آر اے کے مطابق ای میل OTP سسٹم خاص طور پر بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے بنایا گیا ہے،سہولت سے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے سٹامپ پیپر حاصل کرنا اور پاور آف اٹارنی سمیت دیگر قانونی دستاویزات مکمل کرنا آسان ہو جائے گا۔
پی ایل آر اے نئے سسٹم کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے رسائی اور سہولت کو بڑھا رہا ہے تاکہ وہ اپنے قانونی و جائیداد کے معاملات تیزی اور آسانی سے حل کر سکیں۔





