ناجائز منافع خوری پر زیرو ٹالرنس،کسی کو ذخیرہ اندوزی  کی اجازت نہیں ہوگی:عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ رواں سال رمضان نگہبان پیکج 47 ارب روپے پر مشتمل ہے جس سے 42 لاکھ خاندان رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے مستفید ہوں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہر منصوبے سے لاکھوں افراد کو فائدہ پہنچ رہا ہے، ستھرا پنجاب، رمضان نگہبان پیکج، فیلڈ ہسپتال اور دیگر عوامی فلاحی منصوبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رمضان میں مستحق خاندانوں کو پے آرڈر کے ذریعے 10 ہزار روپے گھروں تک پہنچائے گئے تھے جبکہ اس بار رمضان نگہبان کارڈز پرنٹ ہو چکے ہیں اور رمضان المبارک سے قبل مستحق افراد تک پہنچا دیے جائیں گے، رواں سال 42 لاکھ خاندان اس پیکج سے فائدہ اٹھائیں گے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 5 فروری کے بعد پنجاب حکومت کے پاس تمام شہریوں کا مکمل ڈیٹا دستیاب ہو گا، جن افراد کی ماہانہ آمدن 45 ہزار روپے سے کم ہے انہیں فہرست میں شامل کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے مردم شماری کی طرز پر گھر گھر سروے کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 30 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان پیکج دیا گیا تھا جبکہ اس سال یہ تعداد بڑھا دی گئی ہے، ستھرا پنجاب کے ورکرز کو بھی رمضان نگہبان کارڈ فراہم کیا جائے گا۔