وہ موسم آ رہا ہے جب بیشتر افراد اداسی کا شکار ہونے لگتے ہیں لیکن اس کی وجہ کیا ہے اور چھٹکارا کیسے پا سکتے ہیں۔اس موسم کی آمد ہو چکی ہے، جس کے آتے ہی بہت سارے لوگوں کے مزاج میں اُداسی اتر آتی ہے۔ جی ہاں بات ہو رہی ہے، موسم سرما کی۔ لیکن اس موسم میں اکثر انسانوں کا موڈ کیوں تبدیل ہونے لگتا ہے اور چمکتے چہرے اداس کیوں ہو جاتے ہیں؟ اس کی سائنسی وجہ اور علاج کے بارے میں آپ کو بتائیں گے۔سردیوں میں موڈ کی تبدیلی کی بڑی وجہ موسمیاتی تبدیلی سے مزاج میں خوشی اور اداسی کے جذبات لانے والے ہارمونز سیروٹونن اور میلانن کی کمی بیشی ہوتی ہے۔اس کو باضابطہ طور پر ماہر نفسیات نارمن روزینتھل نے بیان کیا اور اس کو ایک نام Seasonal Affective Disorder (SAD) دیا۔نارمن روزینتھل کے مطابق یہ بھی ڈپریشن کی ایک قسم ہے جو عام طور پر موسم خزاں یا سردیوں میں شروع ہوتی ہے اور اس کی علامات میں سستی، ضرورت سے زیادہ نیند، اداسی جیسی علامات ہیں۔مردوں کی نسبت یہ علامات خواتین میں چار گنا زیادہ ہوتی ہیں اور مانا جاتا ہے کہ بہت سے لوگ اس کی ہلکی علامات کا تجربہ ضرور کرتے ہیں، جس کو ونٹر بلیوز کہا جاتا ہے۔نارمن کے مطابق اگر کسی میں یہ علامات ہوں تو اس کا علاج لائٹ تھراپی (گھر کے کمروں میں روشنی کی موجودگی)، ورزش (روشنی میں چہل قدمی)، وٹامن ڈی کا استعمال اور ٹاک تھراپی کے ذریعہ ممکن ہے۔





