اسلام آباد: ایشین فٹبال کنفیڈریشن (AFC) اور فیفا کا ایک اعلیٰ سطحی وفد آج وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے ان کے دفتر میں ملا، جہاں پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور ترقی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وفد کی قیادت جناب شیخ سلمان ابراہیم بن خلیفہ نے کی، جو اے ایف سی کے صدر، فیفا کے سینئر نائب صدر اور بحرین کے شاہی خاندان کے ممتاز رکن ہیں۔ ان کے ہمراہ داتوک سری وِنڈسر جان (سیکرٹری جنرل اے ایف سی)، احمد عبدالصمد (اے ایف سی صدر کے اسٹاف آفیسر)، سید محسن گیلانی (صدر، پاکستان فٹبال فیڈریشن – پی ایف ایف)، اور علی اکرم (ڈائریکٹر لیگل پی ایف ایف) بھی شریک تھے۔
وزیرِ دفاع نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں فٹبال کے روشن مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے فروغ کے لیے بین الاقوامی تعاون، نوجوانوں کی شمولیت اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی ناگزیر ہے۔
جناب شیخ سلمان ابراہیم بن خلیفہ نے پی ایف ایف کی کاوشوں کو سراہا اور حکومتِ پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اے ایف سی اور فیفا پاکستان میں فٹبال کے نظام کو مستحکم بنانے اور مقامی ٹیلنٹ کو نکھارنے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان فٹبال کے فروغ کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اے ایف سی اور فیفا کے ساتھ آئندہ مشترکہ منصوبوں کا خیرمقدم کیا جو نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ اور بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے مواقع بڑھانے کے لیے تشکیل دیے جائیں گے۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں دونوں فریقوں نے پاکستان میں فٹبال کی بحالی اور ترقی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا





