اسلام آباد:ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا کا دورہ پاکستان۔ وزارت داخلہ آمد پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ترکیہ کے ہم منصب علی یرلیکایا کا پرتپاک استقبال کیا۔ ترکیہ کے وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ون ٹو ون ملاقات کی اور بعد ازاں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ملاقات میں پاک ترکیہ تعلقات، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، انسانی سمگلنگ، بارڈر سیکیورٹی، سائبر کرائم، کوسٹ گارڈاور پولیس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے مابین تعاون کو مزید فعال کرنے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق ہوا ، ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ ورکنگ گروپ ہر سال چار مرتبہ ملاقات کرے گا۔دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ملاقات میں انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ ترکیہ علی یرلیکایا نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی ترکیہ کی سیکیورٹی سے الگ نہیں ہے۔
ترکیہ کے وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا نے پاکستان کے انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں فعال کردار کو سراہا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین امیگریشن اور آنسانی سمگلنگ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن ایک بین الاقوامی مسلہ ہے، اس کے سدباب کیلئے ملکر کام کرنا ہو گا۔ ملاقات میں پاکستان کی جانب سے انٹر پول کے انتخابات میں ترکیہ کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا گیا۔ ملاقات میں انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس محدود وسائل کے باوجود قابل ستائش کام کر رہی ہے،گزشتہ پانچ سال میں پاکستان سے ترکیہ منشیات سمگلنگ کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین پولیس ٹریننگ کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے اور مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیر داخلہ ترکیہ علی یرلیکایا نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ترکیہ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں تعلقات کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام سے دونوں ممالک کے مابین تعاون کو فروغ ملے گا۔ ترکیہ کے وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر پاکستانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ترکیہ کے وفد کے ارکان، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ، ڈی جی اے این ایف، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ این پی اے، آئی جی ایف سی، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی این سی سی آئی اے، چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن بھی موجود تھے۔





