لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گنگارام ہسپتال لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سبزہ زار میں پالتو شیر کے حملے میں زخمی ہونے والے 8 سالہ بچے واجد کی عیادت کی۔ صوبائی وزیر نے بچے کے والد سے ملاقات کی اور مکمل و بہترین علاج معالجے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر عارف افتخار، پروفیسر آف سرجری پروفیسر عمران، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹر سہیل نیازی اور دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر واقعے میں زخمی بچے کو علاج کی تمام تر بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ میڈیکل بورڈ میں شامل ماہرین کو بچے کے علاج معالجے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔








