وینیزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں متعدد زور دار دھماکوں کی آواز سنی گئی ہے جس کی وجہ سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وینیزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں کم از کم سات زور دار دھماکے سنے گئے۔ شہریوں نے نچلی فضا میں اُڑنے والے طیاروں کی آوازیں سننے کی بھی اطلاع دی جس سے شبہات مزید بڑھ گئے ہیں۔دھماکوں کے بعد کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی اور آسمان میں دھواں اُٹھتا ہوا دیکھا گیا۔ عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق دھماکے اتنے زوردار تھے کہ کھڑکیاں ہِل گئیں اور لوگ خوفزدہ ہو کر سڑکوں پر نکل آئے۔فی الحال کسی سرکاری یا عسکری ذرائع سے دھماکوں کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے اور نہ یہ معلوم ہوا ہے کہ آیا یہ کسی حملے، حادثے یا کسی فوجی یا سیاسی تنازع کا حصہ ہیں۔واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور وینیزویلا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے خاص طور پر امریکا کی جانب سے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں اور وینیزویلا پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔





