ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنیوالے ہوشیارہوجائیں،اب بھاری جرمانوں کے ساتھ مختلف خلاف ورزیوں پرمقدمات کا اندراج بھی ہوگا۔
سی ٹی او لاہورڈاکٹر اطہر وحیدکاکہناہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے نئےجرمانوں کے حوالے سے شہریوں میں آگاہی مہم جاری ہے، مختلف گاڑیوں کو مختلف جرمانے ہوں گے ،ایف آئی آر کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل ہو سکتا ہے۔
سی ٹی او ڈاکٹر اطہر وحیدکے مطابق موٹر سائکل کی وائلیشنز پر 2 سے 3 ہزار تک کا جرمانہ کیا جائیگا ،تھری وہیلر گاڑیوں پر 2 ہزار سے 3 ہزار تک جرمانوں کا اطلاق ہوگا ،2ہزار سی سی سے کم کار/جیپ وغیرہ کو 2ہزار سے 5ہزار جرمانہ ہو گاجبکہ 2ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں پر 5سے 20ہزار تک جرمانہ کیا جائے گا،کمرشل گاڑیوں کو 10ہزار سے 20ہزار تک کے جرمانے کئے جائیں گے،ہر ٹریفک وائلیشن پر پوائنٹ کی کٹوتی ہوگی۔
سی ٹی او ڈاکٹر اطہر وحیدکے مطابق ایک سال میں 20 پوائنٹس کٹ جانے پر لائسنس 6 ماہ کیلئے معطل ہوگا،ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ پر ایف آئی آردرج ہوگی،بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر 6ماہ قید یا جرمانہ ہو سکتا ہے۔
سی ٹی اوکاکہناہے کہ کم عمر ڈرائیورز کی معاونت پر سیکشن 99کے تحت ایف آئی آر درج ہوگی،گا ڑی کی ساخت تبدیل کرنے پر سیکشن 105 کے تحت مقدمات کا اندراج ہوگا،بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑی چلانے پر مقدمے میں 6ماہ قید یا جرمانہ ہو سکتا ہے،گاڑیوں کی باڈی کو مقررہ حد سے زیادہ پھیلانے پر سیکشن 112 کے تحت مقدمہ ہوگا،سیاہ شیشوں والی گاڑیوں پر مقدمات ہونگے جس کی سزا 6ماہ قید یا جرمانہ ہوگا،تھری وہیلر گاڑیوں کے ڈرائیورز کیلئے ہیلمٹ لازم قراردیاگیاہے تھری وہیلر گاڑی کی اگلی سیٹ پر بیٹھے مسافر کیلئے بھی سیٹ بیلٹ لازم ہوگی۔ سی ٹی اواطہروحیدکے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کو نئے جرمانوں اور ایکشن کے حوالے سے آگاہی دیں،قوانین کی بالادستی،استحکام کیلئے بعض اوقات سخت فیصلے لینا پڑتے ہیں،امید ہے شہری قوانین کے نفاذ میں ٹریفک پولیس لاہور کا ساتھ دیں گے۔





