سینیٹر عرفان صدیقی کی صحت سے متعلق اہل خانہ کی وضاحت آ گئی

اسلام آباد:سینیٹرعرفان صدیقی کی صحت کے حوالے سے ان کے اہل خانہ کی وضاحت سامنے آ گئی۔ سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کے اہل خانہ کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ سینیٹر عرفان صدیقی کو وینٹی لیٹر پر منتقل نہیں کیا گیا۔اہل خانہ کے مطابق سینیٹر عرفان صدیقی سانس کی تکلیف کے باعث انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔ وہ سانس کی تکلیف کے باعث گزشتہ کچھ دن سے اسلام آباد کے مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔قبل ازیں ذرائع کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی طبیعت ناساز ہوگئی ہے اور آکسیجن لگنے کی وجہ سے سینیٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔