حافظ نعیم الرحمان کا حکومت سے پیٹرول پر لیوی ختم کرنے کا مطالبہ

کراچی:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پیٹرول پر لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کفایت شعاری کا درس دینے والے ایک تعزیت اور شادی کی مبارکباد دینے کراچی آئے تو انکے پروٹوکول میں 36 گاڑیاں موجود تھیں۔ صدر زرداری 27 گاڑیوں کے ساتھ عید کی نماز پڑھنے گئے۔ وزیر اعظم نے پیٹرول کی قیمت سے متعلق سمری مسترد کرنے کا ایسے کہا جیسے سمری جاپان سے آئی تھی، اپنی ہی بنائی سمری خود مسترد کرکے قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی گئی۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 1300cc سے زیادہ سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے، حکومت اپنی عیاشیاں ختم کرے اور تعلیمی اداروں کو فوراً کھولنے کا اعلان کرے۔ ایران سے تجارت کو فوری طور پر بحال ہونا چاہئے، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی کام شروع ہونا چاہئے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ خطے کی جنگ کی وجہ سے پوری دنیا حالت جنگ میں ہے، اسرائیل اور امریکہ چاہتے ہیں کہ دنیا کو تیسری عالمی جنگ میں دھکیل دیں، ان کے پیچھے ایسے عناصر ہیں جو اسلحہ بیچتے ہیں اور شیطان کو پوجتے ہیں۔انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پورے صوبے کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا ہے، ریڈ لائن منصوبے کو کرپشن کا دھندا بنایا ہوا ہے، بلاول بھٹو بتائیں ریڈ لائن اربوں تک پہنچ گیا، اس ریڈ لائن کی کراچی کے لوگوں ضرورت ہی نہیں تھی، صرف بسیں چلا دیتے کافی تھا، سندھ سولڈ ویسٹ کے ذریعے اربوں روپے غبن کیے جارہے ہیں، وہی لوگ اس کے جوابدہ ہیں جنہوں نے پیپلز پارٹی کو اپنے مفاد میں ہمارے اوپر مسلط کیا ہوا ہے۔ کراچی میں میگا سٹی گورنمنٹ ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ چار ارب کے کریم آباد کے انڈر پتلی گلیوں والے انڈر پاس پر جھونک دیئے گئے، تینتالیس سو کروڑ روپے سالانہ کا دھندا پیپلزپارٹی کررہی ہے، سولڈ ویسٹ کا دھندا چل رہا ہے اور پورا کراچی کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے، پورے ملک کو چلانے والے شہر کو کوئی اون کرنے کو تیار نہیں، 40 سال میں کراچی کو تباہ کیا گیا یہ بین الاقوامی ایجنڈا تھا۔