اگر بیماریوں سے پاک لمبی زندگی کا حصول ممکن بنانا چاہتے ہیں تو روزمرہ کے معمولات میں معمولی تبدیلیوں سے ایسا ممکن ہوسکتا ہے۔غذا، ورزش اور نیند میں معمولی تبدیلیوں سے زندگی کی مدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔سڈنی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ غذا، نیند اور ورزش میں تبدیلیوں سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے اور دائمی امراض سے پاک زندگی کا حصول ممکن ہوسکتا ہے۔
دن کی روشنی میں زیادہ وقت گزارنے سے دماغی کارکردگی بہتر ہوتی ہے، تحقیق
اس تحقیق میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے لگ بھگ 60 ہزار افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ان سب افراد کی صحت اور معمولات زندگی کا جائزہ اوسطاً 8 سال تک لیا گیا۔تحقیق میں شامل افراد سے ان کی غذائی عادات کی تفصیلات حاصل کی گئیں جبکہ کلائی پر ٹریکرز پہنا کر جسمانی سرگرمیوں اور نیند کا جائزہ لیا گیا۔محققین نے اس ڈیٹا کا اکٹھا کرنے کے بعد ماڈلز استعمال کرکے جائزہ لیا کہ کن عوامل سے لمبی عمر اور صحت کو فائدہ ہوتا ہے، یعنی وہ کتنے سال تک امراض قلب، ڈیمینشیا، پھیپھڑوں کے دائمی امراض اور ذیابیطس ٹائپ 2 سے محفوظ رہتے ہیں۔
ڈپریشن جیسے مرض کی علامات سے نجات پانا بہت آسان
سائنسی ماڈلز کو استعمال کرکے محققین نے دریافت کیا کہ ہر رات 5 منٹ کی اضافی نیند، 2 منٹ اضافی معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیوں (جیسے تیز رفتاری سے چہل قدمی یا سیڑھیاں چڑھنا) اور روزانہ اضافی آدھا کپ سبزیوں کا استعمال زندگی کی مدت میں ایک سال کا اضافہ کرسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ فائدہ ان افراد کو ہوتا ہے جو ناقص غذا کا استعمال کرتے ہیں، 6 گھنٹے سے کم وقت تک سوتے ہیں اور روزانہ محض 7 منٹ تک ورزش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ تمام تر عناصر جیسے الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال، تمباکو اور الکحل کے استعمال، جسمانی وزن، بے خوابی، خراٹوں اور دیگر کو مدنظر رکھنے پر دریافت ہوا کہ طرز زندگی میں معمولی تبدیلیوں سے صحت کو نمایاں فائدہ ہوتا ہے۔محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کے نتائج محدود ہیں کیونکہ فی الحال ان کو ثابت نہیں کیا جاسکا اور ہم طرز زندگی اور لمبی زندگی کے درمیان براہ راست تعلق کا دعویٰ نہیں کرسکتے۔
نیند کی کمی کا ایک اور بڑا نقصان دریافت
البتہ انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی فرد ہر ہفتے اضافی 42 سے 103 منٹ تک ورزش کرتا ہے، ہر رات 7 سے 9 گھنٹے سوتا ہے اور صحت کے لیے مفید غذاؤں کا استعمال کرتا ہے تو اس کی زندگی کی مدت میں لگ بھگ ساڑھے 9 سال تک اضافہ ہو جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی روزانہ 23 منٹ تک ورزش کرتا ہے، ہر رات 7 سے 8 گھنٹے سوتا ہے اور اچھی غذا کا استعمال کرتا ہے، تو عمر کی معیاد میں لگ بھگ 4 سال تک اضافہ ہوتا ہے۔اس تحقیق کے نتائج جرنل ای کلینیکل میڈیسن میں شائع ہوئے۔





