چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک 7400 سے زائد معصوم بچوں کی کامیاب کارڈیک سرجری مکمل کر چکے ہیں: خواجہ سلمان رفیق

نجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں UK سے آئی پیڈز کارڈیک سرجری ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان، چیئرمین وزیر اعلی پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، ایم ایس پی آئی سی ڈاکٹر عامر رفیق بٹ، ڈاکٹر عمران شاہ و دیگر موجود تھے۔ UK سے آئی پیڈز کارڈیک سرجری ٹیم میں ڈاکٹر عمر عزیز، ڈاکٹر عمران سعید، ڈاکٹر طارق سیف اللہ اور مس بیٹریو ولر مورالیز شامل تھے۔ اس موقع پر کارڈیک سرجری ٹیم کو یادگاری شیلڈز اور تحائف بھی پیش کئے گئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے UK سے آئی پیڈز کارڈیک سرجری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ کارڈیک سرجری ٹیم نے تین وزٹس کے دوران 41 معصوم بچوں کی سرجری کرکے قیمتی جانیں بچائی ہیں۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام حکومت پنجاب کا صحت کے شعبہ میں فلیگ شپ پروگرام ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک 7400 سے زائد معصوم بچوں کی کامیاب کارڈیک سرجری مکمل کر چکے ہیں۔