سپین میں پکاسو کی نایاب پینٹنگ چوری

سپین میں عظیم مصور پابلو پکاسو کی ایک قیمتی پینٹنگ نمائش تک پہنچنے سے پہلے ہی پراسرار طور پر چوری ہو گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پکاسو کی یہ نایاب تخلیق اسٹِل لائف وِد گٹار ساڑھے 6 لاکھ یورو مالیت کی ہے، جو  ایک آرٹ نمائش کے لیے بھیجی جا رہی تھی۔

ذرائع کے مطابق 3  اکتوبر کو یہ پینٹنگ ایک وین کے ذریعے مادِرِڈ سے  نمائش کے مقام پر منتقل کی گئی تھی۔

وین صبح 10 بجے نمائش ہال پہنچی، جہاں تمام آرٹ ورکس اتارے گئے، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ پیک کی گئی پیٹنگز  میں کچھ  پر نمبر نہیں لگے تھے، جس کے باعث گنتی مکمل نہیں ہو سکی۔

نمائش کی تیاری کے دوران جب دوبارہ چیکنگ کی گئی تو پکاسو کی پینٹنگ لاپتہ پائی گئی۔

 واقعے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ کاخا گرناڈا فاؤنڈیشن نے حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مکمل تعاون کرے گی۔

یہ پینٹنگ 1919 میں بنائی گئی تھی اور ایک نجی کلیکٹر کی ملکیت ہے۔

 تخلیق کا سائز چھوٹا ہونے کے باوجود اس کی فنّی اور تاریخی اہمیت بہت زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے اب تک کسی گرفتاری یا شبہات کی تصدیق نہیں کی، تاہم واقعے کی تحقیقات آرٹ چوری کے امکان کے تحت جاری ہیں۔