ضمنی الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر عابد شیر علی کیخلاف کارروائی، نوٹس جاری

فیصل آباد کے حلقہ برائے صوبائی اسمبلی پی پی 116 میں ضمنی الیکشن کا انعقاد ہوا جس میں ووٹ ڈالتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی نے اپنی ویڈیو بنائی اور اسے شیئر کیا۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد ریٹرننگ افسر پی پی 116 فیصل آباد نے سابق ایم این اے عابد شیر علی کو ووٹ کی رازداری پامال کرنے پر نوٹس جاری کیا۔نوٹس کے مطابق سابق ایم این اے نے عابد شیر علی نے پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالتے ہوئے ویڈیو بنائی، ویڈیو میں انہیں بیلٹ پیپر کے اوپر مہر لگاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ریٹرننگ افسر کا کہنا ہے کہ بیلٹ پیپر پر مہر لگاتے ہوئے تصویر یا ویڈیو بنانا ووٹ کی رازداری کو پامال کرنا ہےجو کہ قانوناً جرم ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ عابد شیر علی کو ریٹرننگ افیسر نے کل وضاحت کے لیے طلب کیا ہے۔