صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی محکمہ داخلہ میں علماء کرام کے وفد سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سیکیورٹی، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز و متعلقہ افسران موجود تھے۔ علماء کرام کے وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ مولانا محمد حنیف جالندھری نے کی۔ وفد میں ناظم پنجاب وفاق المدارس العربیہ مفتی عبدالرحمن، مولانا احمد حنیف، سیکرٹری جنرل علماء ونگ حافظ محمد امجد، مولانا عزیز الرحمن، ناظم وفاق المدارس پنجاب مولانا زبیر احمد صدیقی و دیگر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران امن و امان کی صورتحال و اتحاد بین المسلمین پر تبادلہ خیال ہوا۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے احکامات اور نبی کریم ؐ کی سنت پر عمل کرنے والے نامور اور جید علماء کرام امت مسلمہ کا فخر ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے احکامات اور نبی کریمؐ کی سنت کی روشنی میں رہنمائی کے لئے علماء کرام سے رجوع کرتے رہیں گے۔ دین کا صحیح راستہ دکھا کر آسانی پیدا کرنے والے علماء ہمارا فخر ہیں۔ روزمرہ زندگی میں خلل نہ آنے دینا، عوام کے جان و مال اور عزت کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیا جائے۔ مدارس کی رجسٹریشن کے طریقہ کار اور ہم آہنگی پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ لوگوں کو دین کی صحیح روح سے آگاہ کرنا علما کرام کا فرض ہے۔ اس موقع پر علماء کرام نے کہا ہے کہ موجودہ حالات امن وسکون اور سلامتی کا تقاضہ کرتے ہیں۔





