پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ملازمین کے اعزاز میں شاندارتقریب
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی بطورمہمان خصوصی شرکت
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ملازمین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر، ڈین پی کے ایل آئی پروفیسر ڈاکٹر فیصل ڈار، ڈاکٹر نجم، پروفیسر غیاث الدین، فیکلٹی ممبران اور بورڈ کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ تقریب کے دوران پروفیسر غیاث الدین، ڈاکٹر نجم اور ڈاکٹر امجد کو لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ پروفیسر سعید اختر اور پروفیسر فیصل ڈار کی سربراہی میں ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔انشاء اللہ ہم اگلے سال پی کے ایل آئی کی اپنی یونیورسٹی کی تقریب کررہے ہوں گے۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں روبوٹک سرجری کے آغاز پر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ پاکستان سمیت پوری دنیا سے مریض بہترین علاج کیلئے پی کے ایل آئی آتے ہیں۔چیئرمین پی کے ایل آئی پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے اس موقع پر کہا کہ پی کے ایل آئی میں معیاری ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ پی کے ایل آئی میں مریضوں کو علاج کی بین الاقوامی سطح کی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ ہمیں ماضی نہیں اپنے مستقبل کا سوچنا ہوگا۔