عمران خان نے پارٹی چھوڑنے والے ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کر دی
پی ٹی آئی کی رول آف لسٹ سے کور کمیٹی ارکان کے نام ہٹا دئیے گئے،فواد چوہدری کو بھی کور کمیٹی گروپ سے نکال دیا گیا
پی ٹی آئی کو خیر باد کہنے والوں کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی چھوڑنے والے ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کر دی ہے۔ فواد چوہدری کو کور کمیٹی گروپ سے نکال دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی رول آف لسٹ سے بھی کور کمیٹی ارکان کے نام ہٹا دئیے گئے۔
عمران خان نے مرکزی و صوبائی قیادت کو پارٹی چھوڑنے والوں کو گروپس سے نکالنے کی ہدایت کر دی۔عامر کیانی،امین اسلم کے بعد شریں مزاری اور اسد عمر کور کمیٹی واٹس ایپ گروپ چھوڑ گئے۔ یاد رہے کہ اب تک پی ٹی آئی کے کئی رہنما پارٹی کو خیر باد کہہ چکے ہیں جن میں عامر کیانی،فیاض الحسن چوہان،شیریں مزاری اور فواد چوہدری سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔
اسد عمر نے پی ٹی آئی کو تو نہیں چھوڑا البتہ پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ میں پی ٹی آئی نہیں چھوڑوں گی،میں بالکل قائم و دائم ہوں اور پی ٹی آئی کے ساتھ رہوں گی۔ اسی طرح سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ بھی پارٹی چھوڑنے کے سوال پر بول پڑے۔ انہوں نے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ میں ایک نظریاتی ورکر ہوں،نظریاتی ورکر کیسے پارٹی چھوڑ سکتا ہے، وہ تو خود پارٹی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی ورکر اور شرپسندوں میں فرق کرنا چاہیے۔ ضمانت نہ کرانے کے سوال کے جواب پر عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ مجھ پر جھوٹا کیس بنایا گیا۔ ایک کیس میں ضمانت کراتے ہیں تو دوسرے میں گرفتار کر لیا جاتا ہے،اسی لیے ضمانت کی درخواست کا کوئی فائدہ نہیں۔ جبکہ سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید بھی واضح کر چکے ہیں کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔