پنجاب کے تمام اسکولوں میں 2 ماہ کی بجائے اڑھائی ماہ کی تعطیلات کا اعلان
موسم گرما کی تعطیلات 6 جون سے 20 اگست تک ہوں گی، چھٹیوں کے بعد نجی وسرکاری اسکول 21 اگست کو دوبارہ کھلیں گے
نگران پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں دو ماہ کی بجائے اڑھائی ماہ کیلئے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم اسکولز پنجاب نے صوبے بھر کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں اضافے کے بعد اڑھائی ماہ کی تعطیلات کا مراسلہ جاری کردیا ہے۔
مراسلے کے تحت پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات 6 جون سے 20 اگست 2023ء تک ہوں گی۔ چھٹیوں کے بعد نجی وسرکاری اسکول 21 اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔ پنجاب بھر کے سکولوں میں چھٹیوں کے حوالے سے سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن نے بتایا کہ موسم گرما کی تعطیلات 6 جون سے شروع ہو کر 20 اگست کیلئے ہوں گی، چھٹیوں کے دوران تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
دوسری جانب صدرآل پاکستان پرائیویٹ اسکولز کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے پرائیویٹ سکولز میں 15 جون سے 14 اگست 2023ء تک چھٹیاں ہوں گی۔ صوبہ سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی۔ اسی طرح بلوچستان میں بھی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم سکولز بلوچستان کے نوٹیفکیشن کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کے سلسلے میں تعلیمی ادارے یکم جون سے 13 اگست 2023ء تک بند رہیں گے۔
یاد رہے محکمہ تعلیم سندھ نے بھی سکولوں میں موسم گرما کی دو ماہ کی چھٹیوں کا اعلان کردیا۔ سندھ میں یکم جون سے اکتیس جولائی تک موسم گرما کی تعطیلات کے تحت تمام سکول بند رہیں گے۔ سیکرٹری تعلیم سندھ اکبر لغاری کے مطابق گرمیوں میں دو ماہ کی چھٹیاں اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت دی جا رہی ہیں، گرمیوں کی تعطیلات کا اطلاق صوبہ بھر کے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں پر ہوگا۔