Published: 25-08-2022
تحریر: سید وقارجاوید نقوی
وزیرا علی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے نشان حیدر حاصل کرنیوالے بہادروں، اوورسیز پاکستانیوں کی صورت میں دنیا بھر میں سفیران وطن، پنکھا سازی، برتن سازی اور فرنیچر سازی کی صنعت میں دنیا بھر میں وطن عزیز کا نام روشن کرنیوالے ہنر مندوں کی سرزمین گجرات کو ضلعی ہیڈ کوارٹرز سے اپ گریڈ کرکے ڈویژن بنانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ سنیئر ممبر بورڈآف ریونیو، حکومت پنجاب کیطرف سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جاچکا ہے جس کے بعد گجرات صوبہ پنجاب کا دسواں ڈویژن ہے اور اس میں ضلع گجرات کے ساتھ ضلع منڈی بہاوالدین اور ضلع حافظ آباد جیسے مردم خیز اور زرخیز علاقوں کو شامل کیا گیا ہے۔ضلع گجرات میں دو نئی تحصیلوں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے، سرگودھا روڈ پر واقع تاریخی قصبہ کنجاہ اور دریائے چناب کے کنارے آباد جلالپور جٹاں کو تحصیل کا درجہ دیدیا گیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے گجرات کو ڈویژن بنانے کا اعلان گجرات کے سب سے بڑی سیاسی مرکز ظہور الہی پیلس میں معززین شہر کی موجودگی میں کیا، سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین، ارکان قومی اسمبلی چوہدری مونس الہی، چوہدری حسین الہی، ارکان پنجاب اسمبلی مامون جعفر، چوہدری عبداللہ یوسف، چوہدری سعادت نواز اجنالہ اور شہر گجرات کی قابل ذکر شخصیات بڑی تعداد میں تقریب میں شریک تھیں۔ وزیرا علی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے صوبے اور گجرات ڈویژن کی ترقی کے لئے میگا پراجیکٹس کا اعلان کیا اور حاضرین کے دل جیت لئے۔وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے بتایا کہ پنجاب حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے، تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے سرکاری نوکریوں پر پابندی اٹھا لی گئی ہے،گجرات کو آج سے باقاعدہ ڈویژن کا درجہ دے دیا گیا ہے، کنجاہ اور جلالپور جٹاں کو تحصیل بنا رہے ہیں،کنجاہ اور جلالپورجٹاں میں ریسکیو1122 سنٹربھی قائم ہوں گے- گجرات کو حافظ آبا دسے ملانے کے ل دو رویہ سڑک اور منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد کو ملانے کے لئے دریائے چناب پر قادرآباد کے قریب پل بنایا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے بتایا کہ گجرات میں انڈسٹریل اسٹیٹ ٹو کے قیام پر کام تیزی سے جاری ہے، یہ منصوبہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز گجرات میں انڈسٹریلائزیشن کا سبب بنے گا اور بھاری سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، گجرات کے لئے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کا بہتری کا منصوبہ، گجرات میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنائی جائے گا۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عزیز بھٹی ہسپتال کو 500 بیڈ تک اپ گریڈ کیا جائے گا،وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو 500 بیڈ تک اپ گریڈ کریں گے،گجرات شہر میں زچہ بچہ اور کینسر ہسپتال بھی بنائے جائیں گے، کنجاہ اور جلالپورجٹاں کے ہسپتالوں کو اپ گریڈ اور جدید بنائیں گے،گجرات میں انجینئرنگ یونیورسٹی قائم کی جائے گی اور متعدد سکولوں و کالجوں کو اپ گریڈ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ گجرات میں معززین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ آبائی ضلع ہونے کی وجہ سے گجرات انکی توجہ کا مرکز ضرور ہے مگر صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اس سے بڑھ کر منصوبے لائے جائیں گے تاکہ کسی علاقہ میں احساس محرومی پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ویسٹ مینجمنٹ کیلئے ترکش کمپنی سے اچھی کمپنی لائیں گے، زمینداروں کو سولر پمپ کیلئے بغیر سود قرض دیے جائیں گے،خصوصی افراد کو نوکریاں، نابینا افراد کے لئے الاؤنس بحال کر دیا ہے، پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کریں گے، تمام تحصیلوں میں ریسکیو1122 کیلئے ایمبولینسیں دی گئی ہیں،ہر ڈویژن میں سیف سٹی کا نظام لائیں گے، صوبے میں فری لیگل ایڈ بحال اور جیل ریفارمز پر دوبارہ کام شروع کر رہے ہیں،وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ انکی حکومت کوئی کام نئے سرے سے شروع نہیں کر رہے بلک پچھلے دور میں یہ کام جہاں سے چھوڑ کر گئے تھے وہاں سے دوبارہ شروع کر رہے ہیں، ہر شعبے میں ایک ماہ کے اندر کام نظر آنے شروع ہو جائیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ وہ عوام کی دعاؤں سے حکومت میں آئے ہیں انکے پاس ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، سارے کام کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم اب بھی عمران خان ہی ہیں،دوستمبر کو عمران خان آئیں گے تو انہیں گجرات والوں کے شاندار استقبال کا پتہ چل جائے گا-وزیر اعلی بننے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں، عمران خان اور پی ٹی آئی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں - عمران خان کے ساتھ ہمارا بھرپور ساتھ رہے گا۔
یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ گجرات کے عوام چوہدری برادران سے دلی محبت رکھتے ہیں اور انکے دور میں ہونیوالے فلاحی پراجیکٹس بشمول یونیورسٹی آف گجرات کا قیام، صوبہ بھر میں ریسکیو 1122کا قیام، پٹرو لنگ پوسٹوں، وزیر آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام سمیت عوامی فلاحی منصوبوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے ضلع گجرات کو اپ گریڈ کرکے ڈویژن کادرجہ دینے کے فیصلے اور یہاں اربوں روپے لاگت سے ترقیاتی منصوبوں کے اعلان نے اہل گجرات کے دل جیت لئے ہیں۔ شہریوں کو امید ہے کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر بننے سے گجرات میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور مقامی سطح پر سنیئر افسران بشمول کمشنر آفس، آر پی او آفس، ترقیاتی محکموں کے ڈویژنل ہیڈز کے دفاتر کے قیام سے انکے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔