Published: 03-03-2023
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جلد معاہدہ ہوجائے گا، کم آمدن والوں کی فلاح وبہبود کیلئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں، عمران خان معیشت پر خاموش رہیں یا افلاطونوں کے ساتھ ملکرمناظرہ کرلیں، عمران خان کے ٹویٹ سے ملک کو نقصان ہوتا ہے، ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالر سے زائد ہیں۔
انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنا ماضی کا ریکارڈ دیکھیں۔عمران خان کے وزیر خزانہ ڈیفالٹ ڈیفالٹ کی رٹ لگاتے ہیں۔اللہ کے فضل سے نہ دیوالیہ ہوئے نہ ہوں گے۔اتحادی حکومت نے سیاست پر ریاست کو ترجیح دی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک ڈیفالٹ ہونے کی سوچ رکھنے والے اپنے مفاد رکھتے ہیں۔عمران خان کو اپنے اقتدار کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔
عمران خان کی خواہش ہے کہ ملک ڈیفالٹ کرے،ڈیفالٹ کی باتیں کرنے سے اسٹاک مارکیٹ پر اثر پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مل بیٹھ کرسوچیں کہ پاکستان کو کیسے استحکام دینا ہے۔عمران خان کی حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑاغرق کیا۔بہت سے لوگوں نے کہا کہ آپ نے بیوقوفی کی،عمران خان خود گرجاتا۔ مس مینجمنٹ اور بیڈ گورننس پاکستان کے یہاں پہنچنے کی وجہ بنی۔
پی ٹی آئی حکومت نے مالی خسارہ 7.9پر چھوڑا تھا۔پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہمیں گندم باہر سے منگوانا پڑی،معلوم نہیں عمران خان کی ٹانگ خراب ہے یا دماغ۔فی کس آمدنی میں ہم نے ماضی میں 27 فیصد اضافہ کیا،حکومت ملتے ہی سیلاب آیا اور اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا،ہمیں اس وقت 4ہزارارب روپے کی ضرورت ہے۔قبل ازیں قبل ازیں وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی اس معاشی تباہی کے ذمہ دار صرف اور صرف تم ہو۔
جمعرات کو اپنے ٹوئٹ میں وزیرخزانہ نے کہاکہ تم نے تو پاکستان کو معاشی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا لیکن اللہ سبحان تعالی نے پاکستان کی جان تم سے چھڑوا دی۔ انہوںنے کہاکہ تمہاری کی ہوئی تباہی کو ہم ٹھیک کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں،قوم کو جلد اچھی خبریں ملیں گی، انشا اللہ ۔