Published: 29-10-2022
دین اسلام میں صفائی کی اہمیت پر بہت زور دیا گیا ہے، مسلمان گھرانوں کے بڑوں کیساتھ بچوں کو بھی یہ حدیث مبارکہ" صفائی نصف ایمان ہے" ازبر ہے، اسی طرح دین اسلام کے پیروکاروں کو درخت لگانے کی بھرپور تاکید کی گئی ہے، معاشرے میں بھی صفائی کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اورنئی نسل کو تربیت کی تربیت کرتے ہوئے والدین اور اساتذہ کرام انہیں صاف ستھرا رہنے اور صفائی کی عادات اپنانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے جہاں تعلیم، صحت، امن عامہ، گڈ گورننس سمیت دیگر شعبہ جات پر اپنی بھرپور توجہ مرکوز کر رکھی ہے وہیں شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی اور شجرکاری پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے اسی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن غلام فرید کی زیر نگرانی ضلع سیالکوٹ میں 20اکتوبر سے ماہ صفائی و شجرکاری کا آغاز کیا جاچکا ہے جو 20نومبر تک جاری رہے گا، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عبداللہ خرم نیازی ماہ صفائی و شجرکاری کی خود نگرانی کر رہے ہیں، ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن رضوان محمود، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سیالکوٹ شاہد عباس، تحصیل سطح پر میونسپل کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹرز، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد عمر، چیف آفیسر ضلع کونسل بھی انکی ٹیم کے نمایاں افسران ہیں،بلا شبہ کلین گرین مہم کا کریڈٹ فیلڈ میں کام کرنیوالی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کی ٹیموں کے ارکان کو بھی جاتا ہے جو دن رات محنت سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے گزشتہ ماہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تو انہوں نے اپنے پہلے دن کا آغاز سیالکوٹ شہر کے دورہ کے ساتھ کیا اور پورے شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایس ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ صفائی کا کام صبح تین بجے سے شروع کیا جائے اور دن کے آغاز تک سینی ٹیشن سٹاف سالڈ ویسٹ کو ٹھکانے لگا چکا ہو اسی طرح سیوریج نالوں کی صفائی بھی کی جائے جبکہ اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر شجرکاری کیساتھ انہیں باقاعدگی سے پانی سے دھویا جائے۔
اسی دوران کمشنر گوجرانوالہ غلام فرید سیالکوٹ کے دورہ پر آئے اور ضلعی انتظامیہ نے صفائی مہم کے حوالے سے اپنی پلاننگ بارے آگاہ کیا تو انہوں نے ضلعی انتظامیہ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زیر اہتمام شہری علاقوں کیساتھ دیہی علاقوں میں بھی باقاعدہ مہم کی منصوبہ بندی کریں اور ایک ماہ تک اس مہم کو جاری رکھا جائے جس سے شہری علاقے، بڑے قصبے اور چھوٹے دیہات کے مکین مستفید ہو سکیں نیز صفائی کے اس عمل کو باقاعدہ جاری رکھنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کی انہیں ہدایات کے پیش نظر ماہ صفائی اور شجرکاری کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت صفائی مہم بیک وقت ضلعی ہیڈ کوارٹرز، ڈسکہ، سمبڑیال، پسرور سٹی اور ملحقہ دیہاتوں میں بیک وقت شروع کی گئی ہے جس کا افتتاح کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن غلام فرید نے ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی کے ہمراہ کیا، انہوں نے سیاسی نمائندوں، بزنس کمیونٹی، وکلاء برادری کے نمائندوں، سماجی کارکنوں، طلبہ کے ہمراہ آگاہی واک میں بھی شرکت کی اور سیالکوٹ، پسرور میں شجرکاری بھی کی۔ ضلعی انتظامیہ کی پلاننگ کے مطابق شہر کی 24 یونین کونسلوں میں صفائی مہم کی ذمہ داری سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی پر ہوگی جبکہ میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ انکی معاونت کرے گی، صفائی مہم کے لیے سپیشل سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے جو ہر یونین کونسل میں 5 دن موجود رہے گا اور علاقہ سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے ساتھ سڑکوں اور چوراہوں کو دھویا جائے گا، سینٹری سٹاف سیوریج نالوں کی ڈی سلٹنگ پہلے ہی شروع کر چکے ہیں، میونسپل کارپوریشن شہر میں بارہ فٹ تک لمبے 700سے زائد پودے لگا رہی ہے محکمہ جنگلات کی شجرکاری مہم اسکے علاوہ ہے۔ اسی طرح ضلع کونسل نے 1529 دیہات میں کوڑے کرکٹ کے 3296 ڈھیروں کی نشان دہی کرکے ان کو ختم کرنے پر کام شروع کر رکھا ہے، دیہی علاقوں میں پہلے ہفتہ کے دوران دس ہزار سے زائدآبادی والے39 دیہات میں صفائی کا مرحلہ اختتام پذیر ہونے کے قریب ہے، دوسرے ہفتہ میں میں پانچ ہزار سے دس ہزار آبادی والے71 دیہات کی صفائی، تیسرے ہفتے تین ہزار سے پانچ ہزار آبادی والے 296 دیہات جبکہ صفائی مہم کے آخری ہفتے باقی 1123 دیہات میں صفائی کی جائے گی۔ اس صفائی مہم کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں اسی طرح لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ضلع کونسل نے 472 ٹریکٹر، ٹرالیاں اور دیگر مشینری حاصل کر لی ہے جبکہ 472 سینٹری ورکرز خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ ماہ صفائی و شجرکاری کو موثر بنانے کیلئے چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر کون ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تحصیل میں ہر روز کم ازکم 3 دیہات کا دورہ کرکے جاری مہم کی نگرانی کریں اسی طرح صفائی مہم کے دوران انٹر سٹیز روڈ کے سنٹر میڈین اور شولڈر کی صفائی کی پرائمری ذمہ داری محکمہ ہائی وے کی ہیتاہم ضلع کونسل اور محکمہ ہائی ویز کو تقویض کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا عزم ہے کہ شہر اقبال کے مکینوں کو صفائی کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اسی طرح شجرکاری پر بھرپور توجہ دیکر شہر میں ماحولیاتی مسائل پر بھی قابو پایا جائے گا۔