گوگل کی پنجاب میں لیپ ٹاپ (کروم بک) فیکٹر ی لگانے کی پیشکش

عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پنجاب میں ’گوگل کروم بُک‘ (لیپ ٹاپ) کی مقامی سطح پر تیاری کے لیے فیکٹری کے قیام کی پیشکش کردی۔

 جس پر پنجاب حکومت نے منصوبے کے لیے بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے ’گوگل فار ایجوکیشن‘ اور ’ٹیک ویلی‘ کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی۔

 گوگل فار ایجوکیشن کے گلوبل ڈائریکٹر کیون کالیس اور ٹیک ویلی کے سی آئی او عمر فاروق بھی ملاقات میں شریک تھے۔

ملاقات میں پنجاب میں ’کروم بک فیکٹری‘ کے قیام، سرکاری سکولوں میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ اور ’اے آئی ٹولز‘ کے استعمال سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وفد نے بتایا کہ نئی کروم بک میں طلبہ کے لیے تین اہم سافٹ ویئرز انسٹال کیے جائیں گے جن میں جیمنائی، ریڈ آلانگ  اور کینوا  شامل ہیں۔

 وفد نے بتایا کہ گوگل فار ایجوکیشن اب تک دو ہزار سے زائد سرکاری اساتذہ کو ٹریننگ فراہم کر چکا ہے جبکہ مزید اساتذہ کی تربیت کا عمل بھی جاری ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت آئی ٹی کو بنیادی تعلیم کا حصہ بنانے پر کام کر رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا حب بنانا انکی حکومت کا عزم ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ گوگل کروم بک فیکٹری کے قیام میں حکومت مکمل معاونت فراہم کرے گی۔